ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / زوردار بارش سے الال اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بڑھ رہا ہے سمندری کٹاؤ ؛ کئی مکانوں کو نقصان

زوردار بارش سے الال اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بڑھ رہا ہے سمندری کٹاؤ ؛ کئی مکانوں کو نقصان

Wed, 18 Jul 2018 00:07:07    S.O. News Service

منگلورو17؍جولائی (ایس او نیوز)ضلع جنوبی کینر اکے مختلف علاقوں خاص کرکے الال اور اس کے اطراف میں سمندری کٹاؤ میں تیزی آگئی ہے جس کی وجہ سے ساحلی کناروں پر واقع مکانات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

ہر سال برسات کا موسم شروع ہوتے ہی ان علاقوں میں ساحلی پٹی پر رہنے والے لوگ سمندری کٹاؤ کے خوف سے پریشان ہوجاتے ہیں۔ حالانکہ الگ الگ مقامات پر سمندر کی تیز لہروں سے بچاؤ کے لئے بڑے بڑے پتھروں کی دیواریں کھڑی کردی گئی ہیں، لیکن اکثر اوقات سمندر میں اتنا ابال آتا ہے کہ2.5 سے 4میٹر تک اونچی اٹھنے والی لہروں کو قابو میں رکھنا اس پتھریلی دیوار کے بس میں نہیں ہوتااور دیکھتے ہی دیکھتے سمندرکا پانی گھروں میں گھس آتاہے جو کبھی تھوڑا  نقصان پہنچاتا ہے یا پھر کبھی پورے گھر کوہی زمین بوس کرکے بہا لے جاتا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق الال کے علاقے میں اب تک 30گھرپوری طرح سمندری کٹاؤ کی نذر ہوچکے ہیں۔جبکہ  مزید 15گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔

پتہ چلا ہے کہ اس مرتبہ برسات کے دوران الال کے سسی ہیتلو نامی علاقے میں زیادہ کٹاؤ دیکھنے میں آیا ہے۔ کنارے پر واقع ناریل کے درخت جڑوں سے اکھڑنے کی حالت میں آگئے ہیں۔ سیاحوں کے لئے بنائی گئی نشستیں پوری طرح سمندر میں ڈوب گئی ہیں۔اسی طرح کئیکو اور کیلیری نامی علاقوں میں 14سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ 35گھروں میں سمندرکا پانی گھس آیا ہے۔ اس علاقے میں بسنے والوں کو وہاں سے ہٹاکر محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔اوچیلا میں بھی سمندری اچھال کے ساتھ کٹاؤ بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے۔ متاثرین کے لئے اسکولوں میں عارضی طور پر راحت رسانی کا انتظام کیا گیا ہے۔ تحصیلدار گرو پرساد کی سربراہی میں افسران کی ٹیم متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہی ہے اور ضروری انتظامات کیے جارہے ہیں۔


Share: